پاکستان کے معروف اداکار شہریار منور کا کہنا ہے کہ عمران خان موجودہ وقت کے حساب سے بہترین لیڈر ہیں۔
اداکار شہریار منور جیو نیوز کے پرو گرام "جشن کرکٹ "میں مہمان بنے اور دوران شو میزبان شہزاد اقبال کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر پاکستان کے مقبول سیاستدانوں کی خوبیوں سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔
شہریار منور کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری ذہین اور ہوشیار سیاستدان ہیں، انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا آتا ہے جبکہ عمران خان موجودہ وقت کے حساب سے بہترین لیڈر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خان صاحب کا اسٹائل زرداری صاحب سے مختلف ہے لیکن یہ ایک مضبوط حکمران ہیں، اداکار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مستقل مزاج لیڈر قرار دیا۔
ایک دن کے وزیراعظم بنائے جانے کے بعد پہلے تین کام کون سے کرتے ؟کے سوال کے جواب میں شہریارمنور کا کہنا تھا کہ اگر انھیں ایک دن کا وزیراعظم بنایا جاتا تو وہ سب سے پہلے استعفیٰ دیتے، کیوں کہ حکمران بننا بہت بڑی ذمہ داری ہے۔
شہریار منور نے کہا کہ ہم خان صاحب کی خدمات کو سراہتے نہیں ہیں، سیاسی تناظر میں پاکستان جیسے ملک کو سیاسی حالات کے تحت چلانا بے حد مشکل کام ہے جبکہ کہنا بہت آسان ہے کہ میں اگر وزیراعظم ہوتا تو یہ کر دیتا یا وہ کر دیتا لیکن درحقیقت کچھ بھی کرنا بے حد مشکل ہے۔
0 Comments