معروف اداکار فیروز خان نے اداکاری ترک کرنے کے حوالے سے وضاحت کی ہے۔
فیروز خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز چھوڑنے سے متعلق اپنے فیصلے کے بارے میں تذکرہ کیا۔
اداکار نے بتایا کہ جب مجھے ڈرامہ سیریل خدا اور محبت 3 کی پیشکش ہوئی اس وقت میں انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کرچکا تھا، میں یہ سوچ رہا تھا اگر میری زندگی میں ایسا مرحلہ آیا کہ مجھے پیشن (اداکاری) یا اپنی روٹس (مذہب) میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا پڑا تو میں کس کا انتخاب کروں گا۔
جیو کے مقبول ترین ڈرامے خدا اور محبت 3 میں فرہاد کا کردار ادا کرنے والے فیروز نے کہا کہ اس وقت میں نے سوچا یہ گلیمر کی دنیا سب عارضی ہے، اسی لیے میں نے فوری طور پر انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کوئی بھی چیز اللہ کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتی، میں نے سوچا کہ کیوں نا اپنی اداکاری کو کسی مقصد کے لیے کروں، اسی کیمرے اور اسی ٹی وی اسکرین کے ذریعے دوبارہ کام کرنے کا سوچا تاکہ لوگوں تک مثبت پیغام پہنچا سکوں۔
فیروز خان نے کہا کہ میں اس قسم کی اداکاری کرنا چاہتا ہوں جو لوگوں پر گہرے نقوش چھوڑ جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں اداکار فیروز خان نے سوشل میڈیا سائٹس پر جاری پیغام میں شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اداکار نے اپنی خدمات اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کے لیے وقف کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
0 Comments