بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد میں روڑے اٹکانے کی سازش ناکام ہوگئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کی آمد کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں بتدریج پاکستان کی ساکھ میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔
اس کی ایک بڑی مثال احسان مانی کو چند ارکان کی جانب سے آئی سی سی کی چیئرمین شپ کی پیشکش کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ری شیڈول کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آج اعلان کیا ہے کہ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 اب آئندہ سال اکتوبر، نومبر میں ہوگا۔
آئی سی سی کی جانب سے یہ اعلان دراصل چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے اصولی مؤقف کی تائید ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ایونٹ کو فروری اور مارچ 2021 میں ری شیڈول کرنے پر غور کیا گیا تھا تاہم پی سی بی نے پی ایس ایل کے لیے مخصوص ونڈو میں ورلڈکپ ری شیڈول کرنے کی سخت مخالفت کی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایونٹ کو فروری اور مارچ 2021 میں ری شیڈول کرنے کے لیے بھارتی بورڈ زور لگارہا تھا اور فروری مارچ میں ایونٹ ری شیڈول ہونے سے پی ایس ایل کا انعقاد خطرے میں پڑ جانا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے 5 ایڈیشن ہوچکے ہیں اور یہ ایونٹ ہر سال فروری اور مارچ میں کھیلاجاتا ہے جس میں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی مدمقابل ہوتے ہیں۔
اب ٹوکیو اولمپکس کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ ایونٹ اگلے برس ہوگا۔
0 Comments