اسلام آباد ہائی کورٹ نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی ختم کرتے ہوئے اسے فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے پب جی پر پابندی کا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آن لائن گیم کو فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
قبل ازیں پی ٹی اے نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پب جی گیم انتظامیہ سے گیم کی تفصیلات اوربچوں پر برے اثرات سے بچاؤ کی تدابیر پر جواب مانگا تھا لیکن انتظامیہ نے پب جی کے سیشنز، پاکستان میں استعمال کنندگان کی تعداد اور کنٹرولز کی تفصیلات نہیں دیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے نے یکم جولائی کو ’پب جی‘ گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی۔
اس پر پی ٹی اے نے وضاحت دی تھی کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے آن لائن گیم پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈز (پب جی) کے خلاف متعدد شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر گیم پر لگائی جانے والی پابندی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی اور UnBanpubgInPakistan#کا ٹرینڈ مقبول ہوگیا۔
اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کوپب جی گیم پر پا بندی سے متعلق عوامی سماعت کاحکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کا نوٹس لیتے ہوئے یوٹیوب کی بندش کا عندیا دیا تھا جس پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈیجیٹل تانیہ ایدروس اور وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری نے اس کی مخالفت کی تھی۔
0 Comments