کیا آپ جانتے ہیں کہ کراچی کے ساحل کا نقشہ تبدیل ہونے والا ہے، غیر ملکی ساحلوں کے طرز پر سی ویو کی تزین و آرائش کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اس منفرد منصوبے میں ساحل پر گھاس لگانے کا کام شروع بھی کردیا گیا ہے۔ سی ویو کو بھی گزشتہ چند ماہ سے کورونا کی وبا کے باعث اسے انتظامیہ نے بند کررکھا ہے۔
لیکن اسی دوران ساحل کو بہتر کرنے اور بین الاقوامی طرز کا بنانے کے منصوبے پر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کام شروع کررکھا ہے جس میں سب سے پہلے تیرہ ایکڑ سے زائد رقبے پر ہریالی کے لئے گھاس لگائی جارہی ہے۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ ذرائع کے مطابق دو حصوں میں سی ویو پر کام کیا جائے گا۔ پہلا حصہ نشانِ پاکستان سے چَنکی مَنکی تک اور دوسرا چنکی منکی سے ولیج ہوٹل تک ہوگا اور یہ تمام ساحلی پٹی 90 ایکٹر پر محیط ہے جس میں سے 13 ایکڑ ہرا بھرا علاقہ ہوگا۔
عوام کے لیے 1.76 کلومیٹر کا جاگنگ ٹریک بھی بنایا جائے گا۔ یہاں پانچ واچ ٹاورز بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ اونچائی سے ساحلی پٹی کا معائنہ کیا جاسکے اور اگر کوئی ڈوبنے لگے تو اسے ماہر پیراک کی مدد سے بچایا جاسکے۔
یہ منصو بہ کب مکمل ہوگا، کوئی نہیں جانتا ۔ اس منصوبے سے کتنا مالی فائدہ ہوگا کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ یہ بھی بتانے سے قاصر ہے البتہ یہ سوال کہ کیا عوام کے لیے سی ویو میں داخلے پر کوئی فیس ہوگی تو ترجمان کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ یہاں کوئی فیس نہیں ہوگی اور ہر کوئی آسکے گا۔
0 Comments