Ticker

12/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

 




امریکا نے تین چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا

فائل فوٹو

امریکا نے ویزا فراڈ کے الزام میں تین چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے ایف بی آئی اے نے ویزا فراڈ میں تین چینی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے جب کہ چار چینی شہریوں کے فرار ہوکر سان فرانسسکو میں قائم چینی سفارتخانے میں چھپنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کا دعویٰ ہے کہ فرار ہونے والے افراد چینی فوج کے اہلکار رہے ہیں جو خود کو ریسرچر ظاہر کررہے ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہےکہ ایف بی آئی اے نے چینی فوج سے مشتبہ طور پر تعلق چھپانے کے شبے میں امریکا کے 25 شہروں میں موجود امریکی ویزا ہولڈرز چینی شہریوں کے انٹرویو کیے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ایف بی آئی نے 25 شہروں میں جن مشتبہ افراد کے انٹرویو کیے ان پر چینی فوج سے تعلق کو ظاہر نہ کرنے کا شبہ تھا جب کہ چینی افواج کے اہلکاروں نے اپنی اصل شناخت چھپا کر امریکا میں ریسرچ ویزے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔
امریکی محکمہ انصاف نے الزام لگایا کہ شناخت چھپا کر امریکا میں ریسرچ ویزے کے لیے درخواستیں دینا چین کی کمیونسٹ پارٹی کا ایک منصوبہ ہے جس میں چین نے ہماری معاشرتی آزادی کا فائدہ اٹھا کر تعلیمی اداروں کا استحصال کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی کی جانب سے چینی شہریوں کی گرفتاری پر چین نے فوری طور پر کوئی رد عمل جاری نہیں کیا تاہم بین الاقوامی ماہرین اسے امریکا چین تعلقات کے دوران 40 سال میں سب سے بڑا کریک ڈاؤن قرار دے رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان موجود کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے آغاز سے امریکی صدر ٹرمپ نے چین پر وائرس بنانے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو لے کر بھی تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات پر بھاری بھرکم ٹیکسز عائد کررہے ہیں۔
امریکا نے ہیوسٹن میں موجود چینی قونصل خانے کو خالی کرانے کا حکم دیا جس پر چین نے بھی اپنے شہر میں موجود امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments