Ticker

12/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

 




سندھ میں کورونا کے 80 فیصد مریض گھروں میں ہی صحت یاب ہوگئے

سندھ میں کورونا کے مجموعی کیسز میں سے 82 فیصد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں: صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ—فوٹو:فائل 

کورونا وائرس نے دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی متاثر کیا ہے اور اب تک لاکھوں افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں تاہم ایسے میں اچھی خبر یہ ہے کہ صوبہ سندھ میں متاثرہ مریضوں کی بڑی تعداد گھروں میں ہی مہلک بیماری سے صحت یاب ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کورونا سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق کورونا کے 80 فیصد مریض گھروں میں ہی صحت یاب ہوگئے جب کہ صرف 20 فیصد قرنطینہ مراکز یا اسپتالوں میں جاکر صحتیاب ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مجموعی کیسز میں سے 82 فیصد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ایک لاکھ 14 ہزار افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جن میں سے 88 ہزار سے زائد افراد اسپتال گئے بغیر ہی گھروں پر ٹھیک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کے 15 قرنطینہ مراکز میں صرف 2 ہزار 933 اور 51 نجی و سرکاری اسپتالوں میں 2ہزار872 افراد صحت یاب ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گھروں میں صحت یاب ہونے والوں میں 70 فیصد مرد اور 30 فیصد خواتین شامل ہیں جب کہ 53942 صحت یاب افراد کی عمریں 21 سے 40 سال کے درمیان ہیں اور 34164 صحتیاب افراد کی عمریں 41 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صحت یاب 11954  افراد کی عمریں ایک سے 20 سال کے درمیان ہیں جب کہ 9948 صحت یاب افراد کی عمریں 61 سے 100 سال کے درمیان ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے باعث اب تک 5677 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

Post a Comment

0 Comments