امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 76 ہزار 570 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔
بالٹی مور کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا بھر میں 1225 اموات ہوئیں جب کہ امریکا کی جنوبی اور مغربی ریاستوں میں کورونا وبا زور پکڑ رہی ہے۔
ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیکساس، کیلی فورنیا، الاباما، ایڈاہو اور فلوریڈا میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جب کہ امریکا میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 41 لاکھ سے زیادہ ہوگئے ہیں اور اب تک ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس نے ہانگ کانگ میں ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، ماہرین اس صورتحال کو عالمی وبا کی تیسری لہر قرار دے رہے ہیں جب کہ اس سے نمٹنے کے لیے ہانگ کانگ انتظامیہ سخت اقداما ت کر رہی ہے۔
ادھر برطانیہ میں آج سے دکانوں، بازاروں اور کھانے پینے کی جگہوں پر ماسک کی پابندی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
تین سال کے بچے ماسک کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، پھندا لگنے یا دم گھٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر برطانوی ماہرین صحت نے چھوٹے بچوں کو ماسک نہ پہنانے کی ہدایت کی ہے۔
0 Comments